چنتامنی:6 /مارچ(ایس او نیوز/محمد اسلم) گذشتہ شب چنتامنی رورل پولیس تھانہ حدود میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں اندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
اطلاع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک بائک پر سوار تین نوجوان آندھرا پردیش کی طرف جارہے تھے کہ مدن پلی ہائی وے روڈ کے بیچ امریڈہلی گیٹ کے قریب جہاں سڑک کا کام زیرالتوا ہے، بائک اُلٹ گئی۔بائک اُلٹتے ہی تینوں نوجوان قریبی گڈھے میں جاگرے اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان کی شناخت اندھراپردیش مدنپلی کے قریب گجاوارپلی کا ساکن مورلی(25)بارگوی(23)اور سنتوش(26) کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مضافاتی پولیس سب انسپکٹر لیاقت اللہ اپنے عملہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچے اورضروری کاغذی کاروائیوں کے بعد تینوں نعشوں کو مقامی سرکاری اسپتال منتقل کردیا۔
حادثے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے محکمہ پولیس سے شکایت کی کہ یہ ایک ہائی وے روڈ ہے، جہاں گاڑیاں کافی تیزرفتاری کے ساتھ گذرتی ہیں، مگر سڑک کی تعمیر کا التوا میں پڑے رہنے کی وجہ سے ہرروز حادثات پیش آرہے ہیں۔ عوام کے مطابق ٹھیکیدارو ں کی لاپروائی سے سڑک کا کام زیرالتوا میں پڑا ہوا ہے۔عوام نے اس موقع پر دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر یہاں کی سڑک درست نہیں کی گئی تو پاس پڑوس کے قریوں میں موجود لوگوں کی مدد سے ہائی وے کو بلاک کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا جائے گا۔